عراقی فورسز فلوجہ سٹی کے مرکز میں
عراقی فورسز فلوجہ سٹی کے مرکز میں داخل ہو گئیں۔
عراقی پولیس کے کمانڈر میجر جنرل شاکر جودت نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فورسز نے فلوجہ میں بڑے پیمانے پر پیشقدمی کرتے ہوئے شہر کے مرکز میں واقع شاہراہ بغداد کے پاس مورچے سبنھال لئے ہیں۔
سومریہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز نے جبیل نامی علاقے اور شاہراہ نمبر ساٹھ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ اس کارروائی میں ایسی پندرہ گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے کہ جن میں دہماکہ خیز مواد نصب تھا۔
اس دوران داعش نے " اشبال الخلیفہ" سے موسوم گروہ سے وابستہ نو افرا د کو میدان جنگ سے فرار کرنے کے جرم میں ہلاک کر دیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ داعش نے ان نو افراد کو فلوجہ کے علاقے " نزال" میں سزائے موت دی ہے۔
فلوجہ کی آزادی کا آپریشن مئی کے اواخر میں وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم پر شروع کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں عراقی فوج، پولیس، انسداد دہشت گردی فورس، عوامی رضاکار اور قبائلی لشکر کے بائیس ہزار جوان شریک ہیں۔
فلوجہ سٹی، جو دارالحکومت بغداد کے مغرب میں تقریبا ستر کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، دو ہزار چودہ کے اوائل سے داعش کے قبضے میں ہے۔ فوجی مبصرین کا کہنا ہے کہ فلوجہ کی آزادی، موصل کی آزادی کا پیش خیمہ ہو گی، جس کے بعد داعش سے وابستہ دہشت گردوں کو عراقی سرزمین سے مکمل طور سے پیچھے دھکیلنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔