فلوجہ آپریشن میں ایک ہزار سے زائد دہشت گرد ہلاک
عراق کے مغربی شہر فلوجہ کے آپریشنل کمانڈر نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف کارروائیوں میں ایک ہزار سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے
فلوجہ شہرکو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے کمانڈر میجرجنرل عبدالوہاب الساعدی نے جمعے کو الحدث ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تیئیس مئی سے فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوران صرف جنوبی محاذ پر ایک ہزار سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں -
عراقی فوج نے اس وقت فلوجہ شہر کے مرکزی علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیاہے اور شہرکی انتظامیہ کی عمارت پربھی عراق کا پرچم لہرا دیا ہے -
دوسری جانب صوبہ الانبار کے پولیس سربراہ ہادی رزیج نے بھی کہا ہے کہ رمادی شہر کے شمالی علاقوں میں فوجی کارروائیوں میں دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے-
رمادی شہر جو پہلے ہی داعش کے قبضے سے آزاد ہو چکا ہے اب اس کے شمالی مضافاتی علاقوں کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی جمعرات سے شروع ہوگئی ہے -