عراق کے مختلف شہروں میں فلوجہ کی آزادی کا جشن
Jun ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
عراق کے عوام نے دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے فلوجہ شہر کی آزادی کا جشن منایا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ الانبار میں واقع فلوجہ شہر کی آزادی کی خبر سنتے ہی دارالحکومت بغداد اور دوسرے شہروں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اورانہوں نے فلوجہ آپریشن میں عراقی فوج کی کامیابی کا جشن منایا۔
عراق کے شہریوں نے اپنے ملک کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کو فلوجہ کی آزادی کی مبارکباد پیش کی اور فلوجہ کی آزادی میں الحشد الشعبی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے فلوجہ کے سیکڑوں خاندانوں کی جانیں بچانے اوران کو محفوظ مقامات پر پہنچانے پرمبنی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے اقدام کی تعریف کی۔
فلوجہ کی آزادی کی خبر کے اعلان کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری سمیت اس ملک کی مختلف سیاسی شخصیات نے اس کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔