Jun ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • یمن کی ایک مسجد پر سعودی طیاروں کی بمباری

سعودی عرب کے بمبار طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے الجوف میں ایک مسجد پر بمباری کی ہے

یمن سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ آل سعود کے بمبارطیاروں نے فائربندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتے کو صوبہ الجوف کے علاقے المتون کی مسجد منیف پراس وقت بمباری کر دی جب روزہ دار نمازی، نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے-

سعودی عرب کے اس وحشیانہ حملے میں متعدد روزہ دار نمازی زخمی ہوگئے جبکہ مسجد کو بہت زیادہ نقصان پہنچا -

دوسری جانب سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے الجوف میں اپنے ہی ایجنٹوں پرغلطی سے حملہ کر کے ایک کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا - سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صنعا کے بنی سحام علاقے پر بھی بمباری کی -

دوسری جانب یمن میں ترکی کے سفیر فضلی چورمان نے جو اس وقت کویت میں ہیں یمن کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام سے ملاقات کی ہے- فریقین نے اس ملاقات میں یمن کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا-

یمن سے متعلق کویت امن مذاکرات گذشتہ اکیس اپریل کو شروع ہوئے تھے اور تقریبا دوماہ کا عرصہ گذرجانے کے بعد اب تک ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے- یمنی وفد کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں شریک سعودی حمایت یافتہ وفد بیجا اورغیرقانونی مطالبات پیش کرکے مذاکراتی عمل کو ناکام بنا رہا ہے -

 

ٹیگس