فلسطینیوں کے لئے پانی کی سپلائی منقطع
صیہونی حکومت نے غرب اردن میں فلسطینیوں کے لئے پانی کی سپلائی منقطع کردی ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت نے غرب اردن کے فلسطینی باشندوں کو اس علاقے سے جبری طور پر کوچ کرانے کے لئے ان کا پانی بند کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صیہونی حکومت کے واٹر بورڈ نے غرب اردن میں فلسطینی آبادیوں کے مکینوں کے لئے پینے کے پانی کی سپلائی کو پچاس فیصد کم کر دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ماہ مبارک رمضان اور خصوصا گرمی کے موسم میں صیہونی حکومت کے اس غیر انسانی اقدام نے فلسطینیوں کے لئے شدید مشکلات کھڑی کردی ہیں۔
تل ابیب نے انیس سو سڑسٹھ کے بعد سے صیہونیوں کے لئے پّچاسی فیصد اور فلسطینیوں کے لئے پندرہ فیصد پانی کا کوٹا مقرر کر رکھا ہے تاہم اب اس میں بھی پـچاس فیصد کی کمی کر دی ہے۔
غرب اردن کے پانی کے زیر زمین ذخائر فلسطینیوں کے لئے مختص ہیں تاہم اس کے باوجود صیہونی کالونیوں، پارکوں اور باغات کو یہی پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔
ادہر دیوار حائل اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف تحریک کے روح رواں " جمال جمعہ" نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو ترک وطن پر محبور کرنے کے لئے ہمیشہ پانی کو بطور حربہ استعمال کیا ہے