عراق کے اہلسنت اوقاف کے سربراہ کی جانب سے عراقی فوج کی قدردانی
فلوجہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے اس شہر کا دورہ کرنے والے عراق کے اہلسنت اوقاف کے سربراہ نے عراقی فوج کی قدردانی کی ہے۔
عراق کے اہلسنت اوقاف کے سربراہ عبدالطیف الھمیم نے فلوجہ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے اہلسنت عوام کو داعش کے قبضے سے چھڑانے میں فوج، عوامی رضاکار فورس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے جس ایثار و فداکاری کا مظاہرہ کیا ہے وہ واقعی قابل تعریف ہے۔
اہلسنت اوقاف کے سربراہ نے فلوجہ کے عوام کے لیے قائم پناہ گزین کیمپ کے دورے کے موقع پر کہا کہ فلوجہ کے عوام جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے اور اس شہر کے عوام اپنے ہاتھوں سے اسے دوبارہ تعمیر کریں گے۔
شیخ عبدالطیف الھمیم نے فلوجہ میں قیدیوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے فوج کے رویئے کے بارے میں سوالات بھی پوچھے۔ قیدیوں نے انہیں بتایا کہ فوج نے ہمارے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی بلکہ ہمارے حقوق کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
عراق اہلسنت اوقاف کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ فلوجہ اب کبھی دہشت گردوں کے مرکز میں تبدیل نہیں ہوگا۔