صومالیہ ہوٹل حملے میں وزیرماحولیات سمیت 16 ہلاکتوں کی تصدیق
صومالیہ کے دارلحکومت موغا دیشو کے ایک ہوٹل پر دہشت گردوں کےحملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔
صومالیہ کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالکمال معلم شکری نے بتایا ہے کہ ہوٹل ناسو ہبولڈ پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں اب تک سولہ افراد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والے بیشتر لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے جن میں وزیر ماحولیات محمدحمزہ بھی شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق واقعے میں تیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد عام شہری ہیں۔
اس سے قبل کی خبروں میں مرنے والوں کی تعداد سات بتائی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام اس وقت پیش آیا جب مسلح حملہ آوروں نے ناسو ہبولڈ ہوٹل پر اچانک جملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے ہوٹل کے گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی اورپھر ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
اس واقعہ کی ذمہ داری تکفیری دہشت گرد گروہ الشباب نے قبول کرلی ہے۔