Jun ۲۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • یمن کے روزہ دار مسلمانوں پر سعودی عرب کی بمباری جاری

روزہ دار یمنی شہریوں کے خلاف سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں اور تازہ بمباری میں کم سے کم سے تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

المیادین ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز بھی صوبہ لحج کے شہر نجد ظمران میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔ سعودی اتحاد کی وحشیانہ بمباری میں تین خواتین شہید جبکہ متعدد کم سن بچے زخمی ہوگئے۔

ادھریمن کی فوج اورعوامی رضاکاروں نے بھی صوبہ تعز کے جنوبی علاقے ضباب کی جانب، سعودی عرب کے کرائے کے فوجیوں کی پیشقدمی کو ناکام بنادیا ہے۔

صوبہ مارب میں سعودی اتحاد کے کرائے کے فوجیوں کے ایک کیمپ پر یمنی فوج کی بمباری میں سعودی کمانڈر سمیت متعدد فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کویت امن مذاکرات میں شریک مختلف وفود کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

بان کی مون نے اتوار کے روز کویت کے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اس ملاقات میں یمن کے بارے میں امن مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

یمن کے متعلق جاری امن مذاکرات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کی غرض سے کویت کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اتوار کے روز کویت کے امیر سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

 

ٹیگس