یمن کے امن مذاکرات جامع راہ حل کے حصول کے قریب
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ کویت میں یمن کے امن مذاکرات، جامع راہ حل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اتوار کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ ایک نشست میں یمن کے امن مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے اور یمن میں امن و استحکام کے قیام کے لئے ہمہ جہتی کوششوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کویت امن مذاکرات، جامع راہ حل کے حصول کے لئے صرف چند قدم کے فاصلے پر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یمن میں امن، اس ملک کے ستم دیدہ عوام کی خواہش ہے اور ہم بھی یمن میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں اور اقوام متحدہ کے انسانی فرائض کی بنیاد پراس عالمی ادارے سے اس بات کے خواہاں ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں تیز کرے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ بحران یمن کے حل اوراس ملک کا اقتصادی محاصرہ ختم کرانے کے لئے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولدالشیخ احمد کے تعاون سے وسیع پیمانے پر مشترکہ کوششیں بروئے کار لائی گئی ہیں اور ہم سیاسی مفاہمت اور تمام یمنی فریقوں کی شمولیت سے عبوری حکومت کے قیام کے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
.اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی موجودہ نقشہ راہ کی پابندی اور مذاکرات میں پیش نظر رکھے جانے والے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہرطرح کی فوجی کارروائی روکے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ کویت میں یمن کے امن مذاکرات، گذشتہ دو ماہ سے جاری ہیں مگر سعودی عرب کی مسلسل رخنہ اندازی کی بناء پر اب تک ان مذاکرات کا کوئی خاطرخواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔