داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن
داعش کے خلاف عراقی افواج کا ملک گیر آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
عراق کی الفرات نیوز سائٹ کے مطابق صوبہ نینوا کے گورنر نوفل حمادی نے منگل کے دن اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج نے موصل کے جنوب میں زہیلیہ اور جحلہ نامی دو دیہی علاقوں کو داعش سے آزاد کرا لیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے القیارہ فوجی اڈے کے اطراف میں ان علاقوں کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے جن پر داعش کا قبضہ ہے۔
عراقی صوبے نینوا کے گورنر نوفل حمادی نے بتایا کہ القیارہ فوجی مرکز کے اطرف کے علاقوں کی آزادی سے شرقاط نامی علاقے کا رابطہ القیارہ سے مکمل طور پر منقطع ہوجائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی افواج نے القیارہ فوجی اڈے کو سنیچر کو داعش سے آزاد کرایا تھا۔ اس کے بعد عراقی افواج نے اتوار کو صوبہ نینوا کے پانچ دیہی علاقے داعش کے قبضے سے آزاد کرالئے تھے۔
صوبہ نینوا کے گورنر نوفل حمادی نے القیارہ فوجی اڈے کی آزادی کو صوبہ نینوا کی ستر فیصد اراضی کی آزادی کے برابر قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ نینوا کی آزادی کا تیسرا مرحلہ تقریبا تین ہفتے قبل شروع ہوا ہے جس میں عراقی فوج، انسداد دہشت گردی فورس، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی لشکر کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ صوبہ نینوا میں داعش کے خلاف آپریشن میں زمینی فوجی دستوں کو عراقی فضائیہ کی سپورٹ بھی حاصل ہے۔