موصل کی جانب عراقی افواج کی پیشقدمی
عراقی فوج نے موصل کے جنوب میں اہم پیشقدمی کی ہے
عراقی فوج نے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے جنوب میں دو دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-
صوبہ نینوا کے گورنر نوفل حمادی نے کہا ہے کہ عراقی فوج نے موصل کے جنوب میں جحلہ اور زہیلیہ نامی دیہاتوں کو آزاد کرا لیا ہے - اس درمیان الفرات نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس نے ان دونوں دیہاتوں کو آزاد کرانے کے ساتھ ہی قیارہ میں ایک رہائشی کمپلیکس کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے -
دوسری جانب عراقی فوج نے شرقاط علاقے کا محاصرہ کرکے اس کا رابطہ قیارہ سے منقطع کر دیا ہے - شرقاط پر داعش نے جون دوہزار چودہ سے قبضہ کر رکھا ہے اور شرقاط و قیارہ کے مابین واقع شاہراہ داعش کے لئے اہم ترین سپلائی لائن سمجھی جاتی ہے-
قیارہ سے ہی ایک خبر یہ بھی ہے کہ عراقی فوج نے اس شہر میں زیرزمین ایک جیل کا پتہ لگا کر اس میں قید سیکڑوں بے گناہ افراد کو آزاد کرا لیا ہے- ادھر رمادی کے شمال میں بھی عراقی فوج نے چھے کلومیٹر لمبی ایک سرنگ کا پتہ لگایا ہے جس میں بڑی مقدار میں لباس اور کافی مقدار میں سونا تھا - اس خبر کا اعلان صوبہ الانبار کے آپریشنل کمانڈر اسماعیل المحلاوی نے کیا ہے -