Jul ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کا کلسٹر بموں کا حملہ

سعودی لڑاکا طیاروں نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر یمنی عوام کے خلاف کلسٹر بم استعمال کیے ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی طیاروں نے شمال مغربی یمن کے صوبے حجہ کے شہر حرض میں ایک عمارت کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنایا ہے۔ فوری طور پر اس حملے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا علم نہیں ہوسکا ہے۔

سعودی عرب اس سے پہلے بھی  یمنی عوام کے خلاف کلسٹر بموں کا استعمال کرچکا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں بے گناہ شہری مارے گئے تھے۔

دوسری جانب یمن سعودی عرب سرحد کے قریب یمنی فوج اور سعودی اتحاد کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

درایں اثنا المسیرہ ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ الجوف کے مختلف علاقوں پر حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں پانچ عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔

سعودی عرب نے امریکہ اور مغربی ملکوں کی حمایت اور بعض علاقائی اتحادیوں کی مدد سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ چھبیس مارچ سنہ 2015  سے جاری سعودی جارحیت کا مقصد یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔ پندرہ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری سعودی جارحیت میں عورتوں اور بچوں سمیت ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس