یمن پر سعودی عرب کی جارحیت جاری، کئی علاقوں پر ہوائی حملے
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعہ کے روز یمن کے مغربی صوبے حجہ کے علاقے وادی مور کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ تعز کے علاقے ذباب میں العمری اسکول پر بھی بمباری کی۔
سعودی عرب کی فوج نے بھی صوبہ تعز کے علاقے الصراری میں رہائشی گھروں پر ایک بار پھر گولہ باری کی جس میں ابتدائی رپورٹوں کے مطابق متعدد خواتین اور بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب کے زرخرید دہشت گردوں نے بھی الصراری گاؤں میں تاریخی مسجد شیخ جمال الدین پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران حملہ کیا۔
دوسری جانب بعض خبروں کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک مسجد کے سامنے کار بم کا دھماکہ ہوا ہے۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ اس میں کئی نمازی زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان کے المیادین ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے علاقے نجران میں الشرقہ چھاؤنی کے قریب سعودی فوج کے ایک ٹینک کو تباہ کر دیا ہے۔