یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے ہوائی حملے بدستور جاری
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر اپنے ہوائی حملے جاری رکھے جس کے دوران کم از کم سترہ یمنی شہری شھید ہو گئے۔
یمن کی المسیرہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعہ کے روز صنعا کے علاقے الوتدہ میں ایک مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں سوار دس افراد شھید اور متعدد زخمی ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ صوبہ مارب کے علاقے وادی الزغن میں ہونے والے ہوائی حملے میں پانچ عام شہری شھید گئے۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے علاقے غورغمر پر بھی ہوائی حملہ کیا جس میں دو افراد شھیداور کئی زخمی ہو گئے۔
یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے بھی سعودی عرب کے ان حملوں اور جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران میں سعودی عرب کے فوجی اڈے کو کاتیوشا میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ جبکہ یمنی فوج اور عوامی فورس کے توپ خانے نے بھی صوبہ تعز کے شہر الوازعیہ کے قرفان علاقے میں سعودی ایجنٹوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔