عراق نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا
عراق کی وزارت خارجہ نے اپنے ملک کے شمالی علاقے پر ترکی کی جارحیت کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
عراق کی السومریہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت خارجہ نے جمعرات کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ ہنگامی اجلاس بلا کر شمالی عراق میں فوجی بھیجنے پر مبنی ترکی کے اصرار کا جائزہ لے۔
بدھ کے دن عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی خبردار کیا تھا کہ شمالی عراق میں ترکی کے اقدامات علاقائی جنگ چھڑنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
عراقی پارلیمنٹ نے شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی موجودگی کو قبضہ قرار دیتے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی کے آپریشن میں ترک فوجیوں کے کسی بھی طرح کے کردار کی مخالفت پر تاکید کی ہے۔
واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے عراقی حکومت کی درخواست کے برخلاف کہا ہے کہ ترکی کی فوج موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے آپریشن میں شرکت کرے گی۔
ترکی کی پارلیمنٹ نے یکم اکتوبر ہفتے کے دن عراق کی سرزمین میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کی تھی۔