Oct ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • عراقی فوج پر امریکی لڑاکا طیاروں کا حملہ

امریکی لڑاکا طیاروں نے شمالی عراق کے صوبۂ نینوا میں عراقی فوج پر حملہ کیا ہے-

العالم کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے روز عراق کے صوبے نینوا کے شہر تلکیف کے مضافات میں عراقی فوج پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پانچ عراقی فوجی شہید اور زخمی ہوگئے-

در ایں اثنا عراق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ عراق کی پولیس اور رینجرز اہلکار ہفتے کے روز داعش مخالف کارروائی کرتے ہوئے موصل کے جنوبی علاقے حمام العلیل کے قریب پہنچ گئے ہیں-

العراقیہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ عراقی افواج کے موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوسرے مرحلے کےآغاز میں اور عوامی رضاکار فورس کے موصل کے مغربی محاذ پر پہنچتے ہی ان کارروائیوں میں مزید تیزی آگئی ہے-

موصل کے مشرقی محاذ پر قائم آپریشنل کمان نے اعلان کیا ہے کہ موصل کے سبھی محاذوں پر عراقی افواج کی پیشقدمی کا سلسلہ ہفتے کو تیز رفتاری کے ساتھ جاری رہا اورعراقی افواج نے مزید کئی علاقوں کو آزاد کرا لیاہے- عراقی افواج نے الشورہ کے علاقے سے حمام العلیل کی جانب پیشقدمی کی ہے-

واضح رہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے سترہ اکتوبر کو موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی کا حکم صادر کیا تھا-

اس کارروائی میں عراق کی فوج، عوامی رضاکار فورس اور پیشمرگہ کرد ملیشیا حصہ لے رہی ہیں- یہ کارروائیاں بلا وقفہ، کامیابی کے ساتھ  جاری ہیں -

ٹیگس