صوبہ کربلا میں دہشت گردانہ حملہ ، کم سے کم چھے افراد شہید
عراق کے صوبے کربلا میں ایک دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم چھے عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کربلا کی گورنینگ کونسل کے سربراہ نصیف جاسم نے بتایا ہے کہ پیر کو چھے خودکش حملہ آور شہرکربلا سے ایک سو بیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ضلع عین التمر میں داخل ہوئے تھے - ان دہشت گردوں کے پاس دھماکا خیز بیلٹ تھے اور یہ خود کش حملہ آور تھے - صوبہ کربلا کی گورننگ کونسل کے سربراہ کے مطابق ان میں سے پانچ دہشت گردوں کو سیکورٹی اہلکاروں نے کسی اقدام کا موقع دیے بغیر ہلاک کردیا۔ انھوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد نے ایک شہری کے گھر میں داخل ہوکے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود چھے افراد شہید ہوگئے۔
صوبہ کربلا کی گورننگ کونسل کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عین التمر میں سیکورٹی کی صورت حال کنٹرول میں ہے- صوبہ کربلا کے سیکورٹی حکام نے سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے زائرین کے تحفظ کے لئے خاص سیکورٹی منصوبہ تیار کیا ہے-
ہر سال چہلم کے موقع پرعراق سمیت مختلف ملکوں کے زائرین کی بڑی تعداد پیدل کربلا تک جاتی ہے- اب تک دسیوں لاکھ زائرین عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔