Dec ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • شام میں فتح بہت قریب ہے، سید حسن نصراللہ

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ شام اور خاص طور پر حلب میں کامیابی بہت قریب ہے

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اپنے ایک خطاب میں کہاکہ شام اور حلب میں شامی افواج اور عوام کی کامیابی کا عراق کے شہر موصل اور علاقے کے دیگر خطوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے - انہوں نے علاقے اور لبنان کے حالات کے بارے میں بھی کہا کہ علاقے کے مسلمان اور مسیحی عوام کو اسرائیلی اور تکفیری خطرات کا سامنا ہے اور یہ عناصر مسلمانوں اور عیسائیوں کی شناخت کو ختم کرنے کے درپئے ہیں - سید حسن نصراللہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یہ خطرات ابتدا میں فلسطین سے مسلمانوں کے مقدس مقامات پرغاصبانہ قبضہ کرنے کے مقصد سے شروع ہوئے کہا کہ اب یہ خطرات فلسطین سے عراق، شام ، نائیجیریا اور مسلمانوں اور عیسائیوں کے دیگر علاقوں تک بھی پہنچ گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ امریکا اور مغربی ممالک دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کررہے ہیں اور یہ وہ حقیقت ہے جس کا اعتراف امریکا  کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی  کیا ہے اور ہیلری کلینٹن کے ایمیلز میں بھی اس بات کا انکشاف ہوا ہے - حزب اللہ کے سربراہ نے لبنان کی داخلی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ملک کے نئے صدر میشل عون کے ساتھ حزب اللہ کے تعلقات بہت ہی دوستانہ اور خوشگوار ہیں اور دوطرفہ اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں- انہوں نے کہا کہ جو لوگ لبنان میں فتنہ انگیزی کی کوشش کررہے ہیں وہ خود ہی فتنوں میں غرق ہوجائیں گے -  سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ اور صدر میشل  عون کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی بعض عناصر اور گروہوں کی سازشوں کے بارے میں کہا کہ یہ عناصر اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے کیونکہ حزب اللہ اور صدر میشل عون کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں - انہوں نے سعد حریری کی قیادت میں نئی کابینہ کی تشکیل کی راہ میں کچھ گروہوں کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل کی راہ میں حائل بہت سی رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے - ان کا کہنا تھا کہ بیشتر وزیرں کا تقرر ہوگیا ہے صرف ایک یا دو وزارتوں کے لئے وزرا کا تقرر باقی رہ گیا ہے - حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ علاقہ اس وقت نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور بہت سی سازشیں اور منصوبے یکے بعد دیگرے ناکام ہورہے ہیں، بنابریں لبنان کی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں - سید حسن نصراللہ نے دو اہم اسلامی اور مسیحی عیدوں یعنی پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت اور نبی خدا حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی آمد کی مناسبتوں سے مسلمانوں اور عیسائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی مسلم اور مسیحی اقوام کو اس وقت اپنی تہذیب و ثقافت کے لحاظ سے چیلنجوں کا سامنا ہے اور صیہونی دشمنوں نے تو اب اذان پر بھی پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں -

 

ٹیگس