یمن میں طولانی جنگ بندی کے نفاذ پر روس کی تاکید
روس نے یمن میں طویل المدت جنگ بندی پر عمل درآمد کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
مشرق وسطی اور افریقی ملکوں کے امور میں روسی صدر کے خصوصی ایلچی نے یمن میں طویل المدت جنگ بندی کی ضمانت کے لئے فوری طور پر تدابیر اختیار کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
لبنان کے المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق میخائیل بوگدانف نے ماسکو میں محمد عبدالسلام کی قیادت میں یمن کی تحریک انصاراللہ کے وفد کے ساتھ ملاقات کی اور یمن میں طویل المدت جنگ بندی کی ضمانت فراہم کئے جانے نیز سرگرم عمل دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے اور انسانی صورت حال کا جائزہ لئے جانے کی اہمیت پر تاکید کی-
میخائیل بوگدانف نے اسی طرح کہا کہ یمن میں حالات کا معمول پر آنا، صرف پرامن طریقوں سے یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات انجام پانے اور سیاسی فریقوں کے اہم مسائل پر توجہ کی صورت میں ہی ممکن ہے-
اس ملاقات میں ایک راہ حل کے حصول کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد کے روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا-