Dec ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام اور آل خلیفہ حکومت کے درمیان جھڑپیں

بحرین کے علاقے الدراز میں بحرینی عوام اور آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یہ جھڑپیں بحرین کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے دفاع میں ہو ئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورسز نے الدراز کے علاقے میں الفداء اسکوائر پر حملہ کر دیا جہاں بحرینی مسلمان، بحرین کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں دھرنا دیئے ہوئے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے دھرنا دینے والے بحرینی عوام کو شدید زد و کوب کیا ۔ بحرینی ذرائع کا کہنا ہے کہ انقلابی گروہوں نے بحرینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئیں جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں لوگ گاڑیوں کے ساتھ الدراز کی طرف نکل پڑے جس کا آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورسز نے محاصرہ کر رکھا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر بحرینی عوام اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مکمل فوجی ہتھیاروں کے ساتھ الدراز جانے والے راستوں کو بند کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بحرین کی سیکورٹی فورسز، الدراز کے علاقے میں اشیائے خورد و نوش پہنچنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔

ٹیگس