Dec ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • لیبیا کا مسافر طیارہ اغوا، مالٹا میں اترا

لیبیا کی ایئرلائن کا ایک طیارہ جسے ایک سو اٹھارہ مسافروں کے ہمراہ اغوا کرلیا گیا تھا مالٹا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتر گیا ہے-

لیبیا کی افریقیہ ایئرلائن کا یہ مسافر طیارہ لیبیا کے شہر سبہا سے دارالحکومت طرابلس جارہا تھا کہ دو مسلح افراد نے اس کو اغوا کرلیا - بتایا جاتاہے کہ مالٹا کے  بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس طیارے کے اترنے کے بعد پچاس مسافروں کو بھی رہا کرالیا گیاہے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں-  بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ اغوکاروں نے خود کو لیبیا کے معدوم ڈکٹیٹر معمر قذاقی کا حامی بتایا ہے-

مالٹا کے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ اغوا کاروں نے پچاس مسافروں کو طیارے سے باہر نکلنے کی اجازت دے دی ہے  - مالٹا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس طیارے کے اترنے کے بعد اس ہوائی اڈے کی ساری پروازیں معطل ہوگئی ہیں یا اس ہوائی اڈے پر اترنے والے طیاروں کے راستے تبدیل کردئے گئے ہیں-

مالٹا براعظم یورپ کا جزیرہ نما ملک ہے جو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے پانچ سو کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے - اغواکاروں کے مطالبے ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور انہوں نے طیارے کو کیوں اغوا کیا ہے - مالٹا کے سیکورٹی اہلکاروں اور کمانڈوز نے مذکورہ طیارے کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے - مالٹا کے وزیراعظم اغوا کاروں سے بات چیت کرکے سبھی مسافروں کو بحفاظت طیارے سے باہر نکالنے کی کوشش کررہے ہیں- لیبیا کی حکومت نے ابھی تک اغواکاروں کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے کہ ان کا کس گروپ سے تعلق ہے-

 

ٹیگس