سعودی جارحیت میں متعدد یمنی شہری شہید اور زخمی
یمن پر تازہ سعودی حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق، سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز ایک بار پھر صوبہ مارب کے شہر صرواح میں رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے جس میں متعدد خواتین اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ حجہ میں ایندھن لے جانے والے 2 ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 2 عام شہری شہید اور 7 دیگر زخمی ہوگئے۔
صوبہ صعدہ اور صوبہ صنعا کے مختلف علاقوں پر بھی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ جیزان میں یمنی فوج کے جوابی حملے میں ایک سعودی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔
یمنی فوج کے جوانوں نے سعودی عرب کے صوبے جیزان میں واقع ملزوز چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 2 فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔ جبکہ صوبہ تعز کے علاقے شقب میں یمنی فوج کے حملے میں سعودی اتحاد کے 2 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
یمنی فوج نے نجران کے علاقے میں سعودی فوج کا ایک اپاچی ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا ہے۔ جنگ یمن کے آغاز سے اب تک مار گرایا جانے والا یہ دسواں سعودی ہلیی کاپٹر ہے۔