عراق: موصل کے مختلف علاقوں میں اسکول کھول دیئے گئے
عراق میں دہشت گردوں کے قبضے سے موصل کے مختلف علاقوں کو آزاد کرائے جانے کے بعد تعلیم کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ستّر اسکول کھول دیئے گئے ہیں۔
عراق کی تعلیم و تربیت کی وزارت نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ موصل کے آزاد شدہ علاقوں کے ستّر اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ صوبے نینوا کی کونسل کے رکن حسام الدین العبارنے بھی کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کی جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ڈھائی برسوں تک تعلیم کا سلسلہ بند رہنے کے بعد دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ موصل کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی مسلسل پیش قدمی کے ساتھ ساتھ موصل میں دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے والے علاقوں کے اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ شروع ہونا ایک اور اہم کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے موصل کے مختلف علاقوں پرغاصبانہ قبضہ کرنے کے بعد ان اسکولوں کو جیل میں تبدیل اوراسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو جبری طور پر جارحانہ کاررائیوں کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ داعش دہشت گرد گروہ کے اس قسم کے وحشیانہ اقدامات کے بعد موصل کے لوگوں نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا بند کردیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے گذشتہ بدھ کو مشرقی موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔