شام: حلب کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی تشویش
اقوام متحدہ نے شام کے علاقے حلب کی بحرانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے پیر کی رات اعلان کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے حلب کا پانی منقطع کئے جانے سے اس علاقے کے اٹھارہ لاکھ شہریوں کو بحرانی صورت حال کا سامنا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ شہر حلب کو پانی کی فراہمی کے ذرائع پر داعش دہشت گرد گروہ نے گذشتہ تین ہفتوں سے زائد عرصے سے قبضہ کر رکھا ہے جس کی بنا پر حلب اور اس کے اطراف کے بیس لاکھ افراد کے لئے پانی بند ہو گیا ہے۔
اس سے قبل جبہت النصرہ سے وابستہ دہشت گردوں نے وادی بردہ کے علاقے میں شہر دمشق کو پانی کی فراہمی بند کر دی تھی جس کی بنا پر دمشق کو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ شامی فوج کی مسلسل کامیابیوں کی بنا پر دہشت گرد عناصر بوکھلا کر شام کی بنیادی تنصیبات کو ماضی کے مقابلے میں اور زیادہ وحشیانہ طریقے سے تباہ کر رہے ہیں اور اب انھوں نے پانی اور بجلی کے نظام کو تباہ کرنا شروع کر دیا ہے۔