دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی پشقدمی
شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی پیشقدمی بدستور جاری ہے۔
شام میں فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے دارالحکومت دمشق کے مشرق میں جوبر کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جبہۃ النصرہ کے سیکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا-
العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ شامی فوج کی فضائیہ اور توپخانے کے یونٹ نے جوبر کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے- شامی فوج کے ایک کمانڈر کا کہنا ہے کہ جوبر میں کارروائی کے دوران جبہہ النصرہ کے سیکڑوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے- شامی فوج نے اس کارروائی کے دوران انتہائی پیچیدہ اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کیا اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی -
دوسری جانب مشرقی حلب کے علاقے دیر حافر میں بھی شامی فوج نے اس کے اطراف کے علاقے کے کئی دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا جبکہ لاذقیہ، حماہ اور حمص میں دہشت گردوں کے خلاف پیشقدمی کی- العالم نے جمعے کو خبر دی ہے کہ شامی فوج نے اپنی اتحادی فورسز کے ساتھ مل کر مشرقی حلب کے مضافاتی علاقے دیرحافر میں داعش کا چاروں طرف سے محاصرہ کر لیا-
دریں اثنا اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں نے انتقامی کارروائی کے تحت مغربی حلب میں حی الزہرا علاقے اور نیرب کے قریب فوجی ہوائی اڈے کے اطراف، اور جبرین کے علاقے میں مارٹر گولوں سے حملہ کیا- شامی فوج نے شہر حماہ کے جنوبی مضافات میں واقع دیہاتوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کیا جبکہ کفرزیتہ، حلفایا اور الزوار اور الدقمہ علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا-
ادھر شمال مغربی صوبے لاذقیہ میں بھی شامی فضائیہ کے طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہوائی حملہ کیا- شامی فضائیہ نے یہ حملہ شمالی لاذقیہ میں جبل الاکراد علاقے میں واقع شامی فوج کے اڈوں پر دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں کیا- شامی فضائیہ کے طیاروں نے حمص میں بھی دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی-