موصل میں داعش کے دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت
عراق کے شہر موصل میں منارہ الحدبا کے قریب داعش کے ٹھکانوں پر عراق کے ڈرون حملے میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے-
عراقی فیڈرل پولیس کے سربراہ شاکر جودت نے کہا ہے کہ فیڈرل پولیس کے دستوں نے موصل میں النوری مسجد کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے منارہ الحدبا کے قریب داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کیا ہے-
عراقی فیڈرل پولیس نے اس حملے میں ڈرون طیارے کا بھی استعمال کیا جس میں کم سے کم تیس دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے بارہ ٹینک اور ان کے خفیہ ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے-
عراق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے خبر دی ہے کہ موصل کے جنوب میں الشورہ میں بم دھماکے میں الحشد الشعبی کے تین جوان جاں بحق ہو گئے- عراق میں ایزدی فرقے کے امور کے انچارج خیری بوزانی نے کہا ہے کہ ایزدی فرقے کے چھتیس افراد کو، کہ جن میں ستائیس بچے بھی شامل ہیں، داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا-
خبروں کے مطابق اکتوبر دو ہزار سولہ سے اب تک تقریبا تین ہزار ایزدیوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے جبکہ ابھی بھی تین ہزار ایزدی داعش کے چنگل میں ہیں-