عراق : صوبہ نینوا میں عراقی فوج کی پیشقدمی جاری
May ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ نینوا کے علاقے قیروان کے مزید تین علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ قیروان کے تازہ آزاد ہونے والے علاقوں میں، خمس تلول ٹاؤن سب سے اہم ہے۔ اس ٹاؤن کی آزادی کے بعد، عراقی فوج کے جوان سہل سنجار ایئرپورٹ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے، جنوبی قیروان کے علاقے ادحیلہ کو بھی داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد قومی پرچم لہرا دیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس نے شمالی قیروان کےعلاقے عینی فتح کو بھی آزاد کرا لیا ہے۔ مذکورہ قصبے پر قبضے کے بعد قصب قیروان شاہراہ مکمل طور سے عراقی فوج کے کنٹرول میں آگئی ہے اور داعش کی سپلائی لائن منقطع ہوگئی ہے۔