کربلا دھماکے کی مذمت
حزب اللہ لبنان اورمجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کربلا میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد نہتے، بے گناہ اور مظلوم عراقی عوام کا خون بہا رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی کربلا میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں تیس سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد تنظیم داعش عالمی امن کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے، اس کا وجود ناصرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے، مسلمانوں کی بربادی پر تماش بین کا کردار ادا کرنے والوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ دہشتگردی کی اس آگ کو اگر ٹھنڈا نہ کیا گیا، تو کل یہ کسی کے بھی دامن سے لپٹ سکتی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ داعش امریکا اور اسرائیل کی بنائی ہوئی دہشتگرد تنظیم ہے، جس نے ماضی میں انبیاء کرام اور صحابہ کرام کی قبروں کو مسمار کرکے ان کے اجساد مبارک کی توہین کی، داعش اپنے آقاؤں کے حکم پر دین کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کے چہرے کو مسخ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران، عراق سمیت پورے عالم اسلام میں داعش کی وحشیانہ کارروائیاں امریکی و اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنا اور اسلام کو بدنام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز کربلا اور المسیب میں ہونے والے دھماکوں میں 30 افراد شہید اور 49 زخمی ہوئے تھے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر زائرین تھے۔