آیت اللہ العظمی سیستانی کے کردار کی قدردانی
عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے دہشت گردوں کے قبضے سے موصل کی آزادی کے عمل میں عراق کے نامور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے کردار کی قدردانی کی ہے۔
عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم حیدر العبادی نے موصل آپریشن کے حوالے سے آیت اللہ العظمی سیستانی کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی عوام کی جانب سے ہتھیار اٹھائے جانے کی ضرورت پر آیت اللہ العظمی سیستانی کی جانب سے تاکید کے نتیجے میں ملک کو دہشت گردوں سے نجات مل گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سرزمین عراق اور مقدس مقامات کے دفاع میں آیت اللہ العظمی سیستانی کے فتوے سے عراق کو دہشت گردوں سے نجات حاصل کرنے میں مکمل مدد ملی ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گردوں نے عراق کے مختلف علاقوں میں پیشقدمی کرتے ہوئے دس جون دو ہزار چودہ کو موصل پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی نے ایک فتوی جاری کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو واجب کفائی قرار دیا تھا۔
اس فتوے کے بعد عراقی سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں عوامی رضاکار، میدان جنگ میں اتر آئے اور سیکورٹی فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے مختلف علاقوں کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کیا۔