قطر کے خلاف سعودی اقدامات کی مذمت
متعدد قانونی اداروں نے قطر پر پابندی عائد کرنے کے سعودی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریسی و انسانی حقوق مرکز جنیوا، صدائے آزاد برائے انسانی حقوق پیرس ، تنظیم برائے انسانی حقوق ویکجہتی جنیوا، جنیوا میں قائم تیونس میں تشدد کے متاثرین کے ادارے اور سوئیزرلینڈ کے انسانی حقوق کے حامی ادارے نے اپنے مشترکہ بیان میں قطر پر پابندی کو مشرق وسطی میں نئے بحران کا باعث اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
مذکورہ تنظیموں نے اور اداروں نے قطر کے محاصرے کو ختم کئے جانے کا بھی مطالبہ کیاہے۔
ان قانونی اداروں نے خلیج فارس کے عرب ممالک میں مقیم ہزاروں خاندانوں پر قطر کے محاصرے کے تباہ کن اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہزار نو سو چوّن محنت کشوں اور ملازمین کو توہین آمیز طریقے سے نکنا پڑا اور پابندی عائد کرنے والے چار ممالک کے گیارہ ہزار تین سو ستاسی شہریوں کوقطر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
بیان کے مطابق قطر کے اقتدار اعلی اور اقوام متحدہ کے منشور کا احترام کرتے ہوئے اس بحران کا بہترین حل مذاکرات ہیں۔
مذکورہ تنظیموں اور اداروں نے قطر کے ساتھ اپنی واحد زمینی گذرگاہ کو بند کرنے کے ریاض کے اقدام کی بھی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے حکومت قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے پانچ جون کو دوحہ کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا۔