موصل آپریشن میں 1000 داعشی دہشت گرد ہلاک
عراق کی وفاقی پولیس فورس نے کہا ہے کہ قدیم موصل کی آزادی کے آپریشن میں ایک ہزار تکفیری داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
بغداد میں فیڈرل پولیس کمانڈ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ، قدیم موصل کی آزادی کے آپریشن میں ایک ہزار داعشیوں کی ہلاکت کے علاوہ، پینسٹھ فوجی گاڑیوں اور بیس کار بموں کو تباہ کردیا گیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق، عراقی کردستان کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والا ایک بھی عراقی کرد شہری اب اس گروہ میں شامل نہیں ہے اور یہ باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے۔
مریوان نقشبندی نے کہا کہ دینی مراکز اور مساجد کے ذریعے تکفیری نظریات کی بیخ کنی کو ممکن بنایا گیا ہے اور عوام کو داعش کے خطرناک عقائد سے بچالیا گیا ہے۔
سعودی مفتی حالیہ برسوں کے دوران، بھاری رقم خرچ کرکے، وہابی نظریات کی کتابیں اور دیگر پروپیگنڈہ اشیا، مفت تقسیم کرکے، خطے میں تکفیریت اور انتہا پسندی کی ترویج کرتے چلے آرہے ہیں۔