مسجدالاقصی پر صیہونیوں کا حمله
مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں کے حملے اور فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں، چار فلسطین شہید جبکہ دو صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے۔
مسجدالاقصی پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد، فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان باب الاسباط کے اطراف میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی کے صحن میں فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ فلسطینیوں کے حملے میں دو صیہونی فوجی بھی ہلاک ہوگئے۔
اس واقعے کے بعد صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی کا مکمل محاصرہ کرلیا اور فلسطینیوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی۔
ایک اور اطلاع کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جنوب مشرقی بیت الحم کے دھیشہ کیمپ میں فائرنگ کرکے ایک اور فلسطینی کو شہید کردیا ہے۔
اس طرح جمعے کے روز صیہونی فوجیوں کے حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسجد الاقصی میں صیہونی فوجیوں کے خلاف تین فلسطینیوں کی جرئت مندانہ کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے اسے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کے خلاف فلسطینیوں کا فطری ردعمل قرار دیا ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ صیہونیت مخالف کارروائی سے ظاہر ہوگیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں تحریک انتفاضہ پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ فلسطینیوں نے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کے پے در پے واقعات کے بعد اکتوبر دوہزار پندرہ سے تحریک انتفاضہ کا آغا کیا تھا جس کے دوران تین سو سینتس فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔