Jul ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • قطر، متحدہ عرب امارات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا

قطر کے حکام نے اپنے ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی قنا کی سائٹ ہیک کئے جانے میں متحدہ عرب امارات کے حکام کے ملوث ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اس سلسلے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق قطر کے سرکاری دفتر مواصلات کے ڈائریکٹر سیف بن احمد آل ثانی نے امریکی اخبار میں شائع ہونے والی اس خبر کے بعد کہ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی سائٹ کے ہیک کئے جانے میں متحدہ عرب امارات کا ہاتھ ہے، کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے ایک عرب ملک کی جانب سے اس قسم کا اقدام بین الاقوامی قوانین، خلیج فارس تعاون کونسل کے سمجھوتے، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ قطر اس سلسلے میں قانونی اقدام عمل میں لائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی انٹیلی جنس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی سائٹ کو ہیک کئے جانے میں متحدہ عرب امارات کا ہاتھ رہا ہے۔
البتہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حکام نے چوبیس مئی کو اعلان کیا تھا کہ قنا کی سائٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے جس میں امیر قطر سے منسوب نادرست بیان درج کیا گیا ہے۔

ٹیگس