فلسطینیوں کی جسمانی تلاشی لینے کا حکم
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے صیہونی فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ مسجدالاقصی میں نماز کی ادائیگی کے لئے جانے والے تمام فلسطینیوں کی مکمل جسمانی تلاشی لی جائے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے فلسطینیوں کی جسمانی تلاشی کا حکم ایسے وقت میں دیا ہے جب یہ حکومت، فلسطینیوں اور عالمی برادری کے شدید احتجاج کے بعد مسجدالاقصی کے داخلی راستوں سے میٹیل ڈیٹیکٹر ہٹانے پر مجبور ہوگئی ہے۔
نیتن یاھو نے فلسطینیوں کی جسمانی تلاش کا حکم، صیہونی حکومت کی انٹرنل سیکورٹی کے وزیر گلعاد اردان کے ساتھ مشورے کے بعد دیا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے اسی طرح اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کے اسرائیلی سیکورٹی افسر کے ہاتھوں دو اردنی شہریوں کے قتل کی بھی حمایت کی ہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی سفارت خانے کے سیکورٹی افسر سفارت خانے کے سامنے کھڑے دو اردنی شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔