مسجدالاقصی پر صیہونی فوجیوں کی یلغار
قطر کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے درخواست کی ہے کہ وہ سعودی عرب اور اس کے عرب اتحادی ملکوں کے ساتھ اختلافات کے حل کے لئے میدان میں اترے
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے جمعرات کی شب نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور اس سے وابستہ دیگر ادارے سعودی عرب اور علاقے کے عرب ممالک کے ساتھ پیدا ہونے والے قطر کے بحران کے حل میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں- عبدالرحمان آل ثانی نے کہا کہ قطر کے تنازعہ میں مقابل فریق، بحران کے حل کے لئے کوئی معمولی قدم بھی نہیں اٹھارہے ہیں- انھوں نے مزید کہا کہ دوحہ ، اب تک دسیوں بار اس بحران کے حل کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کرچکا ہے - امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش کے نام ایک خط میں طرفین کے بعض اہم مشترکہ مسائل کا ذکر کیا ہے- ابھی اس خط کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم قطر کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی اداروں میں قطر کی نیوزایجنسی ہیک کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے اور انھیں قرار واقعی سزا دلانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے- قطر کے حکام نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو اپنے ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی ہیک کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا- سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے پانچ جون دوہزار سترہ کو الگ الگ بیانات جاری کر کے قطر کے خلاف پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے- ان چاروں ملکوں نے قطر پر ریاض کی سربراہی میں عرب اتحاد کا ساتھ نہ دینے اور دہشت گردی کی حمایتکرنے کا الزام لگایا ہے-