Oct ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکی اتحاد دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے۔ الحوثی

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے امریکہ کی سرکردگی میں قائم دہشت گردی مخالف عالمی اتحاد کو دہشت گردی کا حامی اتحاد قرار دیا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد عالمی اتحاد کا نام بدل کر دہشت گردی کا حامی اتحاد رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب علاقے میں جو کردار ادا کر رہا ہے اس کے نتیجے میں خود اس کے حصے بخرے ہوسکتے ہیں۔ انصار اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں اندرونی اختلافات کی خلیج مزید وسیع ہوگی اور اس ملک کی جابر حکومت اپنے اتحادیوں کے مفادات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔عبدالملک بدرالدین الحوثی نے شام، عراق اور لبنان میں داعش کے خلاف مزاحمتی محاذ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خلاف ان ملکوں کی کامیابی پوری امت مسلمہ کی کامیابی ہے۔انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ اس خطے میں تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے   لہذا اس کی سرکردگی میں قائم نام نہاد دہشت گردی مخالفت اتحاد کا نام بدل کر دہشت گردی کا حامی اتحاد رکھ دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تخریبی کردار ادا کر رہے ہیں اور خطے کے حصے بخرے کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن یمنی قبائل سعودی جارحیت کے مقابلے میں یمنی عوام کے ساتھ ہیں۔

ٹیگس