Nov ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • میزائل توانائی کے بارے میں کسی سے مذاکرات نہیں ہوگے: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ میزائل توانائی کے بارے میں کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اگر کبھی مذاکرات ہوئے تو وہ صرف ایٹمی موضوع پر ہوں گے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ میزائل اور علاقائی معاملات پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی اور اگر کبھی مذاکرات ہوئے بھی تو وہ صرف ایٹمی موضوع پر ہوں گے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کا دورۂ عمان معمول کے سیاسی مذاکرات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو ہر چھ ماہ بعد ایران اور عمان میں باری باری منعقد ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل اور علاقائی معاملات ہمیشہ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن ہمارا مؤقف شروع سے ہی بالکل واضح ہے۔ اگر کسی سطح پر بات چیت شروع بھی ہو تو وہ صرف اور صرف ایٹمی معاملے تک محدود رہے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران میں گرفتار دو فرانسیسی شہریوں کے بارے میں بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاسوسی کے الزام میں سزا یافتہ تھے تاہم عدلیہ نے گزشتہ شب بتایا کہ وہ اسلامی رواداری کے تحت رہا کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فرانس میں ایرانی شہری محترمہ اسفندیاری بھی رہا ہو چکی ہیں اور اس وقت ایرانی سفارت خانے میں موجود ہیں، وہ عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد وطن واپس آجائیں گی۔

 

 

 

ٹیگس