Nov ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر محمد ایاز صادق کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے نورخان ایئر بیس پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا پرتباک استقبال کیا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اپنے دورۂ پاکستان کے دوران قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہوں اور اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ سیاسی رہنماؤں، بالخصوص وزیراعظم، سے بھی ملاقات اور تبادلۂ خیال ان کے دورے کا حصہ ہے۔

اسپیکر محمد باقر قالیباف نے روانگی سے پہلے تہران ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے دورے میں پاکستانی حکام سے مشترکہ معاملات، اقتصادی مسائل بالخصوص سرحدی مارکیٹوں اور ثقافتی رابطوں پر بات چیت ہوگی۔ اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اپنے اس سرکاری دورے کے دوران پاکستان کے دو اہم شہروں، لاہور اور کراچی، کا بھی دورہ کریں گے، جو ملک کے ثقافتی اور اقتصادی مراکز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان شہروں میں وہ مذہبی و ثقافتی شخصیات، تاجروں اور صنعت کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پارلیمانی وفد میں ایران و پاکستان دوستی گروپ کے اراکین بھی شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایران کا سب سے زیادہ آبادی والا ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تین ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ فریقین نے عزم ظاہر کیا ہے کہ باہمی تعاون اور رکاوٹوں کے خاتمے کے ذریعے تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

 

ٹیگس