Oct ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کا سعودی فوجی اڈے پر میزائلی حملہ

یمنی فوج نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے نجران میں سعودی فوجی اڈے پر میزائل سے حملہ کیا ہے۔

یمنی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے میزائل یونٹ نے سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقے نجران میں سعودی فوج کے ہتھیاروں کے ایک گودام پر قاہر ایم ٹو میزائل سے حملہ کر کے مذکورہ گودام کو تباہ کر دیا-

یمنی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی فوج کی جارحیتوں کے جواب میں نجران میں بیرعسکر نامی علاقے میں سعودی فوج اڈے کو قاہر ایم ٹو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس میں ہتھیاروں کا ایک گودام پوری طرح تباہ ہو گیا اور سعودی فوجیوں کو بھی جانی نقصان ہوا تاہم اس کی تفصیل معلوم نہیں ہو سکی ہے-

اس درمیان متحدہ عرب امارات کی فوج نے بھی اپنے ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اس کا ایک فوجی نجران کے سرحدی علاقے میں مارا گیا ہے- 

دوسری جانب سوڈان کی پارلیمنٹ کے رکن حسن عثمان رزق نے یمن پر سعودی جارحیت میں سوڈانی فوج کی شمولیت پر احتجاج کرتے ہوئے یمن سے سوڈانی فوج کو فوری طور پر نکال لینے کا مطالبہ کیا ہے-

سوڈان کی فوج اکتوبر دو ہزار پندرہ سے یمن میں سعودی فوج کے ساتھ ہے-

ادھر الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ایک رہنما ابراہیم الموید، صوبہ حجہ میں سعودی عرب کے ہوائی حملے میں جاں بحق ہو گئے-

ٹیگس