یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیت
سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس ملک کی مساجد، رہائشی مکانات اور سرکاری و سول اداروں اور عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
سبا نیٹ کے حوالے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبے صنعا کے علاقے نہم کے مضافات میں واقع الضبوغہ میں رہائشی مکانات کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ سعودی جنگی طیاروں نے نہم میں بھی ایک مسجد اور یمن کے عام شہریوں کے مکانات پر بمباری کی اورصوبے شبوہ میں واقع شہر عسیلان کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
صوبے تعز کے علاقے موزہ کے مضافات میں الہاملی پر بھی سعودی طیاروں نے حملہ کیا۔ سعودی طیاروں نے صوبے صعدہ میں کتاف اور باقم پر بھی بمباری کی اور عام شہریوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے بھی جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران میں سعودی فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں کئی سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔
اس سے قبل یمن کے صوبے مآرب اور تعز میں سعودی اتحاد کے فوجیوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے حملوں میں سعودی اتحاد کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے تھے۔