Dec ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • حزب اللہ اور انصاراللہ کی جانب سے ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت

حزب اللہ لبنان اور یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہوں نے غاصب صیہونی حکومت کی حمایت میں امریکی صدر کے تازہ اقدامات کے مقابلے میں امت اسلامیہ کی وحدت اور بھرپور استقامت پر زور دیا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر مبنی امریکی صدر کے اقدام کے بارے میں کہا کہ ٹرمپ نے اپنے اس فیصلے سے  بیت المقدس پر صیہونیوں کے مکمل تسلط کا راستہ ہموار کیا ہے اور اب صیہونی حکام بیت المقدس کو یہودی رنگ دینے اور وہاں صیہونی بستیاں بسانے کا عمل اور تیز کردیں گے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے سے مسجد الاقصی کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور امریکیوں کا یہ فیصلہ کروڑوں مسلمانوں اور عیسائیوں کی اہانت ہے کیونکہ بیت المقدس مسلمانوں اور عیسائیوں کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ ہے اور بیت المقدس میں ان کے مذہبی مقامات ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بیت المقدس مسئلہ فلسطین کا دل اور اصلی محور ہے کہاکہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ نے اپنے اس اقدام سے صیہونیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ساز باز کے عمل  کو دفن کردیا ہے لیکن بعض حلقے یہ سمجھتے ہیں کہ یہ مذاکرات بہت پہلے ہی ختم ہوچکے تھے ٹرمپ نے صرف اس مذاکراتی عمل کی موت کا اعلان کیا ہے۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین پر عمل نہیں کرتا اور جس کو عالمی برادری کا نام دیا جاتا ہے، اسرائیل کے لئے اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ بیت المقدس کے بارے میں امریکی فیصلے کے خطرات سے آگاہی سب کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے تاکہ سبھی لوگ اس کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اپنا اپنا رد عمل ظاہرکریں۔

انہوں نے کہاکہ عربی اور اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ اپنے یہاں امریکی سفیروں کو طلب کریں اور بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے فیصلے پر باقاعدہ احتجاج درج کرائیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربرا سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی کہا کہ سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کرنے میں واشنگٹن بھی اسرائیل کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔

انصاراللہ کےسربراہ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت اعلان کرنے کے امریکی فیصلے کے ردعمل میں یمنی عوام سے کہا کہ وہ ٹرمپ کے اقدام کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے سڑکوں پر نکلیں۔

اس درمیان ٹرمپ کے اعلان کے بعد اسلامی ملکوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کو علاقائی اور عالمی مخالفتوں کے باوجود بیت المقدس کو غاصب اور جعلی صیہونی حکومت کا دارالحکومت اعلان کردیا۔ ٹرمپ کے اس اعلان کی پوری دنیا میں مذمت کی جارہی ہے۔

ٹیگس