Dec ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت کا جواب،شاہی محل پر یمنی فوج کا میزائل حملہ

سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ریاض کو ایک بیلسٹک میزائل کا نشانہ بنایا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیت کے جواب میں ریاض پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے برکان ایچ دو بیلسٹک میزائل سے ریاض کے یمامہ محل کو نشانہ بنایا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ذرائع‏ ابلاغ نے ریاض میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کی خبر دی ہے۔ خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس میزائلی حملے کے بعد ریاض میں خطرے کا سائرن بجایا گيا اور لوگوں پر وحشت طاری ہوگئی ۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج نے ریاض میں یمامہ محل کو اپنے میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔
فرانس پریس کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملہ، اس وقت ہوا جب یمامہ محل میں سعودی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ سال کے بجٹ بل کی منظوری کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔
یمنی فوج کی جانب سے یہ میزا‏ل حملہ یمن پر سعودی جارحیت کے ہزار دن مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔ اس خبر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اس میزائل کو ریاض کے جنوبی علاقے میں مار گرایا ہے۔
دوسری طرف یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے میزائلی یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ آل سعود کے سبھی محل اس کے میزائلوں کی رینج میں ہیں ۔ انصار اللہ کے میزائلی یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ آل سعود کے محلوں کے ساتھ ہی سعودی حکومت کے سبھی فوجی مراکز اور تیل کی تنصیبات بھی یمن کے میزائلوں کی رینج میں ہیں۔

ٹیگس