خلیج فارس تعاون کونسل ناکارہ ہو گئی ہے، قطر
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل ناکارہ ہو گئی ہے اور وہ اپنے ارکان کے معاملات کو بھی حل کرنے کی توانائی نہیں رکھتی۔
سوئزرلینڈ میں ڈیووس اجلاس کے موقع پر ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کا کہنا تھا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے درمیان اختلافات ایک حقیقت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو جنگ کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا بلکہ ان کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر خطے کے تمام ممالک کے پاس ایک دوسرے کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام کے سوا کوئی چارہ کار نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ملک اپنے اقتدار اعلی پر کسی سے سودے بازی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والا سیاسی خلا، انتہا پسندی کے فروغ اور اس کے پنپنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انتہا پسند عناصر اپنے سیاسی مقاصد پورے کرنے کے لیے دین کو استعمال کر رہے ہیں۔