Feb ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • سعودی وزیر خارجہ کے بیان کی حماس کی جانب سے مذمت

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے سعودی وزیر خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جمعرات کو یورپی پارلمان میں اپنی تقریر کے دوران فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کو انتہا پسند گروہ قرار دیا تھا۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق حماس نے سنیچر کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے حماس کو انتہا پسند گروہ قرار دے کر فلسطینی عوام کی قانونی مزاحمت کی شبیہ بگاڑ کر پیش کرنے اور عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے۔

  حماس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا یہ  بیان  فلسطینی عوام اور تحریک مزاحمت کے رہنماؤں کے خلاف وحشیانہ اقدامات میں غاصب صیہونی حکومت کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ سعودی وزیر خارجہ  عادل الجبیر نے فلسطین کی  اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف ایسی حالت میں بیان دیا ہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں کی طرح سعودی عرب بھی غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی بحالی کی کوشش کر رہا ہے۔ 

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی حکومتیں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ ایسے عالم میں روابط بحال کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ انیس سو سڑسٹھ سے دو ہزار سترہ تک غاصب صیہونی حکومت، بیالیس ہزار فلسطینیوں کو شہید، دسیوں ہزار دیگر کو زخمی اور لاکھوں کو بے گھر کر چکی ہے۔ 

ٹیگس