یمنی فوج کی جانب سے سعودی جارحیت کا جواب
یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے جوانوں نے سعودی جارحیتوں کے جواب میں نجران میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے پیر کی صبح سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقے نجران میں السدیس فوجی اڈے پرحملہ کرکے متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک کردیا - اس درمیان یمنی فوج نے سعودی عرب کے اندر جازان میں بھی سعودی فوجیوں کے ایک حملے کو پسپا کرکے متعدد سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا - دوسری جانب سعودی عرب کے بمبار طیاروں نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے رہائشی علاقوں پر کئی بار بمباری کی - سعودی جنگی طیاروں نے اپنے اس حملے میں شمالی شہر صعدہ میں یمن کے سینٹرل بینک کی برانچ کی عمارت کونشانہ بنایا - سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمالی علاقوں پر بھی بمباری کی جس میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے