امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں استقامت پر تاکید
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں سے تنازعہ ایک فیصلہ کن اور عقیدتی و نظریاتی تنازعہ ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے اپنے خطاب میں بعض عالمی طاقتوں کی فریب کاری کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے جو علاقے پر اپنا تسلط جمانا چاہتی ہیں کہا کہ ان طاقتوں کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کیا جائے گا -
اس سے قبل یمن کی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے بھی اپنے بیان میں یمن کے عوام پر ڈھائے جارہے مظالم اور سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کا ذمہ دار امریکا کو قراردیا تھا ان کا کہنا تھا کہ یمن کی فوج اورعوامی رضا کارفورس ہرممکن طریقے سے اپنے وطن اور ناموس کا دفاع کرے گی اور کسی بھی طاقت کو یمن پر تسلط جمانے کی اجازت نہیں دے گی -
دوسری جانب یمن کی فوج نے صوبہ حجہ کے شہر حرض میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کے حملوں کو پسپا کردیا ہے - سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں نے صوبہ حجہ میں ایک وسیع حملہ شروع کیا تھا جس کے دوران انہیں سعودی عرب کی فضائیہ کی بھی حمایت حاصل تھی -
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کے جواب میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں کے ٹھکانوں پرجوابی کارروائی کرکے دسیوں غاصب فوجیوں ہلاک اور زخمی اور ان کے حملے کو بری طرح پسپا کردیا -
یمن کی عوامی رضا کارفورس نے سعودی عرب کے اندر جیزان میں بھی جبل الدخان علاقے کے قریب سعودی فوج کے ایک فوجی ٹاورکو بھی تباہ کردیا -
اس درمیان یمن کے صوبہ تعز کے مختلف علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کے دسیوں اتحادی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے -
یمن سے ہی اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے الحدیدہ پرشدید بمباری کی ہے-
سعودی جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے عمران پر بھی بم برسائے ہیں- ان حملوں میں متعدد یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔