مصرمیں پیغمبراسلام (ص) کی توہین پریو ٹیوب پرپابندی
رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس میں اہانت کرنے کے خلاف مصری عدالت کا فیصلہ یوٹیوب سمیت تمام سائٹس کیلئے انتباہ ہے کہ وہ حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس کی توہین کرنے سے گریز کریں۔
مصر کی اعلی انتظامی عدالت نے پیغمبراسلام (ص) کی توہین کرنے سے متعلق ویڈیو شیئر کرنے والی سائٹ یوٹیوب پر ایک مہینہ کے لئے پابندی لگانے کا فیصلہ سنایا ہے۔
مذکورہ عدالت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کی وزارت کو 2013 کے اس ویڈیو اور یوٹیوب پر پابندی لگانے کا فیصلہ سنایا تھا لیکن اعلی انتظامی عدالت میں اس معاملہ پر پھر سے سماعت ہوئی اورعدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔
واضح رہے کہ 2012 میں مصراوردیگر مسلم ممالک میں امریکہ مخالف لہر کو بڑھاوا دینے کے لئے 13منٹ کا ویڈیو ’انوسینس آف مسلمز‘ کو کیلی فورنیا میں بنایا گیا تھا۔ 2013 میں معاملہ دائر کرنے والے وکیل محمد حامد سلیم نے کہا کہ اس حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کو نشر کرنے والے تمام لنکس پر پابندی لگائی جائے۔ اعلی عدالت کا فیصلہ آخری ہے اور اسے آگے چیلنج نہیں کیا جاسکتا ۔