روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ تباہ، 12 جاں بحق
بارش کی وجہ سے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ تباہ ہو گئے جس کی وجہ سے ایک بچہ سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بنگلہ دیش میں گذشتہ چند دنوں سے ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے میانمار سے آئے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے نو ہزار سے زائد روہنگیائی پناہ گزین متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے کاکس بازار علاقے میں کیمپوں کی حالت نہایت خراب ہوتی جا رہی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ پناہ گزین پہاڑی، دلدلی اور میدانی علاقوں میں مقیم ہیں ۔ جہاں کوئی درخت نہیں ہے ۔ پناہ گزینوں کے عارضی خیمے بارش کے پانی میں بہہ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایک دیگر معاون ادارے نے چند ماہ قبل ہی جون سے ستمبر کے درمیان مون سون کی وارننگ دی تھی۔ بارش ہفتہ کے روز شروع ہوئی اور چوبیس گھنٹے کے دوران زمین کھسکنے، پانی بھرنے ، تیز ہوا اور بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے۔
واضح رہے کہ میانمار میں انتہا پسند بدھسٹوں اور سیکورٹی فورس کے منظم جرائم کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا مسلمان مارے جا چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔