سعودی اور اماراتی ہوائی حملوں میں یمنی شہریوں کا قتل عام
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے شہر الحدیدہ کے رہائشی علاقوں، پبیلیک مقامات ، الثورہ اسپتال اور مچھلی منڈی پر شدید وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے اپنے وحشیانہ جرائم کے تازہ ترین اقدامات میں یمن کی مغربی بندرگاہ الحدیدہ کے الثورہ اسپتال پر بمباری کی - المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ سعودی عرب اور امارات کے جنگی طیاروں نے اسپتال کے انٹرنس کو نشانہ بنایا - یمن کے محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لڑاکا طیاروں نے جان بوجھ کر اور ٹارگٹ کرکے اس اسپتال کے گیٹ کے اندر کھڑی ایمبولینسوں اور امدادی گاڑیوں کو نشانہ بنایا -
سعودی جنگی طیاروں نے الحدیدہ کے ساحل پر ماہیگیری کے مقامات یا فیشنگ پورٹ پر بھی بمباری کی - المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں کے حملوں میں کم سے کم پچپن عام شہری شہید اور ایک سو تیس سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں -
الجزیرہ ٹی وی نے بھی الثورہ اسپتال کے پرس دفتر کے انچارج کے حوالے سے خبردی ہے کہ ان حملوں میں شہید ہونے والے سبھی افراد عام شہری ہیں اور شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے - اس درمیان یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے ایک بیان جاری کرکے اقوام عالم اور آزاد و غیر جانبدار انسان دوستانہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ ان وحشیانہ مظالم کی مذمت کریں اور اس وحشی گری کا مقابلہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں -
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے بیان میں نام نہاد عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسی مجرمانہ خاموشی کی ہی وجہ سے یمن پر سعودی امریکی اور اسرائیلی مظالم میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے - یمنی قبائل کی کوآرڈینیشن کونسل نے بھی کہا ہے کہ جارح افواج نے الحدیدہ میں جن وحشیانہ مظالم کا ارتکاب کیا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں -
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ جنگی جرائم جارح قوتوں کے دہشت گرد ہونے پر مہر تائید ثبت کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اقوام متحدہ کے موقف کو بھی جارح قوتوں کے اقدامات کے مترادف سمجھتی ہیں - انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے ہتھیار یمنی بچوں خواتین اور مردوں کو خاک و خون میں غلطاں کررہے ہیں اس لئے بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ اس وحشیانہ جارحیت کو بند کرنے کےلئے عملی اقدامات کرے -
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ جارح اور غاصب افواج کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت اور پامردی مظلوم یمنی قوم کی کامیابی پر ہی منتج ہوگی - آل سعود کے وحشیانہ اقدامات سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ یمنی عوام کا ہی زیادہ سے زیادہ قتل عام کرنا چاہتی ہے-