اسکولی بچوں کی بس پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ
یمن کی عوامی اور انقلابی تحریک انصار الله کے سیاسی دفتر کے رکن نے یمن کی قومی نجات حکومت سے کہا ہے کہ وہ صوبہ صعدہ کے ضیحان علاقے میں اسکولی بچوں کی بس پر حملے کی تحقیقات، عالمی تحقیقاتی کمیٹی (International Committee of Inquiry)سے کرائے۔
یمن کی عوامی اور انقلابی تحریک انصار الله کے سیاسی دفتر کے رکن قاضی عبد الوهاب المحبشی نے یمن کے عوام کے خلاف سعودی حکومت کے نظریئے کو تکفیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ آل سعود کی حکومت امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لئے یمن کے بے گناہ اور نہتے عوام کی جان کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
دوسری جانب یمن کی عوامی انقلابی کمیٹی کے صدر محمد علی الحوثی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے اسکولی بچوں کی بس پر سعودی جارحیت کی فوری تحقیقات کرانے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو صوبہ صعدہ کے ضیحان علاقے میں اسکولی بچوں کی بس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 55 افراد شہید اور 80 زخمی ہوئے۔